حدیث:۱
حضرت معاویہ بن جاہمہ سے مروی ہے کہ جاہمہ حضور نبی صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہ وسلم کی خدمت میں حاضر ہوئے اور عرض کیا کہ یارسول اللہ!عزوجل وصلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہ وسلم میں نے جہاد میں جانے کا ارادہ کرلیا ہے اور حضورصلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہ وسلم کے پاس مشورہ کے لیے آیاہوں توحضورصلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہ وسلم نے فرمایاکہ کیا تمہاری ماں ہے؟ تو انہوں نے کہا جی ہاں! توحضورصلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہ وسلم نے فرمایا کہ تم اس کی خدمت میں چمٹے رہو کیوں کہ تمہاری جنت اس کے پیروں کے پاس ہے۔(1)(مشکوٰۃ،ج۲،ص۴۲۱)
حدیث:۲
حضرت ابواُمامہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے مروی ہے کہ ایک آدمی نے کہا کہ یا رسول اللہ!عزوجل وصلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہ وسلم والدین کا ان کی اولادپرکس قدراورکتناحق ہے؟تو حضورصلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہ وسلم نے فرمایاکہ ماں باپ ہی تیری جنت اور تیرے دوزخ ہیں۔(2)
(مشکوٰۃ،ج۲،ص۴۲۱)
حدیث:۳
حضرت ابن عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہماسے مروی ہے کہ رسول اللہ عزوجل وصلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ جو شخص اپنے ماں باپ کا فرمانبردار ہوگا اس کے لیے جنت کے دودروازے کھول دیئے جائیں گے اور اگر والدین میں سے کسی ایک ہی کا فرمانبردار ہو تو اس کے لیے جنت کا ایک ہی دروازہ کھلے گااور جو شخص اپنے والدین کا نافرمان ہوگااس کے لئے جہنم کے دودروازے کھول دیئے جائیں گے اوراگر والد ین میں سے ایک ہی کانافرمان ہوتو ایک ہی دروازہ دوزخ کا کھلے گا۔ یہ سن کر ایک آدمی نے کہا کہ اگرچہ ماں باپ لڑکے پر ظلم کرتے ہوں؟توحضورصلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہ وسلم نے فرمایا:اگرچہ دونوں اس پرظلم کرتے ہوں،اگرچہ دونوں اس پرظلم کرتے ہوں،اگرچہ دونوں اس پرظلم کرتے ہوں۔(1)(تین بار اس لفظ کو فرمایا) (مشکوٰۃ،ج۲،ص۴۲۱)
حدیث:۴
حضرت ابن عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہماسے روایت ہے کہ رسول اللہ عزوجل وصلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہ وسلم نے فرمایا کہ جو لڑکا اپنے ماں باپ کو رحمت کی نظر سے دیکھے گا تو اس کو ہر نظر کے بدلے میں ایک حج مبرور کا ثواب ملے گا، تو صحابہ نے عرض کیا کہ اگرچہ لڑکا ہر دن میں سو مرتبہ ماں باپ کو دیکھے؟توحضور علیہ الصلوۃ والسلام نے فرمایا کہ ہاں اللہ عزوجل بہت بڑا ہے اور بہت پاکیزہ ہے۔(2)(مشکوٰۃ،ج۲،ص۴۲۱)
حدیث:۵
حضرت ابوالدرداء رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے انہوں نے کہا کہ ان کے پاس ایک آدمی آیا اور کہا کہ میری ایک عورت ہے اور میری ماں اسے طلاق دینے کا مجھے حکم دے رہی ہے۔ تو ابوالدرداء رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے کہا کہ میں نے رسول اللہ عزوجل وصلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہ وسلم سے سنا ہے کہ والد جنت کے دروازوں میں سے بیچ کا دروازہ ہے تو اگر تم چاہو تو اس دروازے کو برباد کردو اور اگر چاہو تو اس دروازے کو محفوظ رکھو۔(3)
(ترمذی،ج۲،ص۱۲)
تشریحات و فوائد
والدین کی خدمت و اطاعت اولاد پر فرض ہے اور ماں باپ کو ادنیٰ درجے کی تکلیف دینابھی حرام ہے۔ قرآن مجید میں اللہ تبارک و تعالیٰ نے وَبِالْوَالِدَیْنِ اِحْسَانًا(1) فرمایاکہ ماں باپ کے ساتھ بھلائی کا سلو ک کرنااولاد پر فرض ہے۔ اور قرآن مجید میں خداوند قدوس نے یہ بھی فرمایا کہ فَـلَا تَقُلْ لَّھُمَآ اُفٍّ وَّ لَا تَنْھَرْ ھُمَا (2) یعنی والدین کو کسی بات کے جواب میں اُف کہنا اور ان کو جھڑک دینا حرام ہے۔
اس عنوان کی مذکورہ بالا حدیثوں کا ترجمہ بالکل واضح اور ظاہر ہے لہٰذا مزید تشریح ووضاحت کی ضرورت نہیں۔
اپنے والدین کی خدمت واطاعت اور ان کو راضی رکھنا یہ بلاشبہ جنت میں لے جانے والا عمل اوربہشت کی کنجیوں میں سے ایک بہت بڑی اور اہمیت والی کنجی اورجنت کی شاہراہوں میں سے ایک بڑی شاہراہ ہے۔آج کل کی اولاد اپنے اس فریضہ سے بہت غافل ہے۔ مگر ان کو یہ سمجھ لینا چاہیے کہ ماں باپ کے ساتھ بدسلوکی کرنے والے کو جنت تومل ہی نہیں سکتی اور دنیا میں یہ خطرہ ہر وقت سر پر سوار ہے کہ جو اولاد ماں باپ کے سا تھ برا سلوک کرے گی تو اس کو سمجھ لینا چاہیے کہ میں جیسا سلوک اپنے ماں باپ کے ساتھ کررہا ہوں میری اولاد بھی میرے ساتھ ایسا ہی سلوک کرے گی اس لیے سب کوچاہے کہ ماں باپ کے ساتھ بہترین سلوک کرے ان کوراضی رکھنابے حدضروری اوربہت بڑاکارنامہ ہے۔ مولیٰ تعالیٰ سب کو اس کی توفیق عطا فرمائے۔(آمین)
0 Comments: