حدیث:۱
حضرت اَنس رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے مروی ہے انہوں نے کہا کہ رسول اللہ عزوجل وصلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہ وسلم نے فرمایا ہے کہ جس مسلمان کے تین نابالغ بچے وفات پا گئے تو اُس کو اللہ تعالیٰ اپنے فضل و رحمت سے جنت میں داخل فرمائے گا۔(2) (بخاری،ج۱،ص۱۶۷)
حدیث:۲
حضرت ابوسعید رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ عورتوں نے حضور نبی کریم صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہ وسلم سے عرض کیا کہ آپ عورتوں کے لیے (وعظ کا) ایک دن مقرر فرما دیجئے۔ توحضورصلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہ وسلم نے ان عورتوں سے وعظ میں فرمایا کہ جس عورت کے تین بچے مرگئے ہوں وہ بچے اُس عورت کے لیے جہنم سے حجاب بن جا ئیں گے۔یہ سن کر ایک عورت نے کہا کہ اگر کسی کے دو ہی بچے مرگئے ہوں؟ توآپ نے فرمایاکہ دو بچے بھی۔(1) (جہنم سے حجاب بن جائیں گے۔) (بخاری،ج۱،ص۱۶۷)
حدیث:۳
حضرت ابوموسیٰ اشعری رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے انہوں نے کہا کہ رسول اللہ عزوجل وصلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہ وسلم نے فرمایا کہ جب کسی بندے کا بچہ مرجاتا ہے تو اللہ تعالیٰ اپنے فرشتوں سے فرماتا ہے کہ تم لوگوں نے میرے بندے کے بچے کو مار ڈالا؟ تو فرشتے عرض کرتے ہیں کہ جی ہاں!پھر اللہ تعالیٰ فرشتوں سے فرماتا ہے کہ تم لوگوں نے اس کے دل کے پھل کو چھین لیا؟ تو فرشتے کہتے ہیں کہ جی ہاں!پھر اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ بیٹے کی موت پر میرے بندے نے کیا کہا؟ تو فرشتے کہتے ہیں کہ تیری حمد کی اور اِنَّا لِلّٰہِ پڑھا۔ تو اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ تم لوگ میرے اس بندے کے لیے جنت میں ایک گھر بنادو اور اس گھر کا نام''بَیْتُ الْحَمْد'' رکھو۔(2) (مشکوٰۃ،ج۱،ص۱۵۱)
حدیث:۴
حضرت معاذ بن جبلرضی اللہ تعالیٰ عنہ سے مروی ہے انہوں نے کہاکہ رسول اللہ عزوجل وصلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہ وسلم نے فرمایا کہ جن دو مسلمان میاں بیوی کے تین بچے وفات پاگئے ہوں اللہ تعالیٰ ان دونوں میاں بیوی کو اپنے فضل ورحمت سے جنت میں داخل فرمائے گا، توصحابہ نے کہا کہ یا دو بچے مرے ہوں؟ توحضورصلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہ وسلم نے فرمایاکہ یادوبچے،پھرکچھ صحابہ نے کہاکہ یاایک بچہ مراہو؟توحضورصلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہ وسلم نے فرمایا کہ یاایک بچہ،پھر اس کے بعد حضور علیہ الصلوۃ والسلام نے فرمایا کہ مجھے اس ذات کی قسم ہے جس کے قبضہ قدرت میں میری جان ہے کہ بے شک کچا بچہ اپنی نال کے ساتھ اپنی ماں کوکھینچ کرجنت میں لے جائے گاجبکہ اس کی ماں نے اس کو ثواب جاناہو۔(1)
(مشکوٰۃ،ج۱،ص۱۵۳)
حدیث:۵
حضرت قرہ مُزنی رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ ایک آدمی رسول اللہ عزوجل وصلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہ وسلم کے پاس اپنے لڑکے کو ساتھ لیکر آیا کرتا تھاتو حضور نے اس سے پوچھا کہ کیا تم اس لڑکے سے محبت کرتے ہو؟تو اس نے کہا کہ یا رسول اللہ!عزوجل وصلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہ وسلم میں اس سے اتنی محبت کرتاہوں کہ میری یہ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ آپ سے اتنی ہی محبت فرمائے۔پھر اس لڑکے کو جب حضور نے نہیں دیکھا تو فرمایا کہ فلاں کا بیٹا وہ کیا ہوا؟تو لوگوں نے کہا کہ یارسول اللہ!عزوجل وصلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہ وسلم وہ تو مرگیا۔ توحضورنے لڑکے کے با پ سے فرمایا کہ تم کیا اس کو پسند نہیں کرتے کہ تم جنت کے جس دروازے پر بھی جاؤ گے تمہارا بچہ تمہارا انتظار کر رہا ہوگا یہ سن کر اس آدمی نے کہا کہ یہ فضیلت خاص میرے ہی لیے ہے یا ہر اس مسلمان کے لیے جس کا بچہ مرگیا ہو؟تو حضورصلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہ وسلم نے فرمایا کہ نہیں بلکہ ہر اس مسلمان کیلئے یہی فضیلت ہے جس کا بچہ مرگیا ہو۔(1)(مشکوٰۃ،ج۱،ص۱۵۳)
تشریحات و فوائد
اس عنوان کی پانچوں حدیثوں کا حاصل یہی ہے کہ جس مسلمان مردو عورت کے تین یا دو یا ایک نابالغ بچے مرگئے ہوں اور ماں باپ نے ان بچوں کی موت پر صبر کیا ہو اور ان بچوں کی موت کو اجرو ثواب جانا ہو تواللہ تعالیٰ ان مرحوم بچوں کے ماں باپ کوجنت عطا فرمائے گا۔بلکہ حدیث میں یہ بھی آیاہے کہ کچا بچہ بھی جس کااسقاط ہوگیا ہواس کی نال باپ کی پیٹھ اور ماں کے پیٹ سے جڑی ہوگی اور وہ کچا بچہ اپنے ماں باپ کی مغفرت کے لیے خدا سے اصرار کے ساتھ گزارش کریگا تو اللہ تعالیٰ فرمائے گاکہ ''اَیُّھَا السِّقْطُ الْمُرَاغِمُ رَبَّہٗ اَدْخِلْ اَبَوَیْکَ الْجَنَّۃَ '' یعنی اے کچے بچے ! اپنے رب عزوجل سے جھگڑنے والے تو اپنے ماں باپ کو جنت میں داخل کردے۔ ''فَیَجُرُّھُمَا بِسَرَرِہٖ حَتّٰی یُدْخِلَھُمَا الْجَنَّۃَ'' یعنی پھر وہ کچا بچہ اپنے ماں باپ کو اپنی نال کے ذریعے کھینچے گا یہاں تک کہ ان دونوں کو جنت میں داخل کردے گا۔(2)(مشکوٰۃ،ج۱،ص۱۵۳)
0 Comments: