حضرت سیدنا عمرفاروق رضی اللہ تعالیٰ عنہ اور تواضع:
امیرالمومنین حضرت سیدنا عمرفاروق اعظم رضی اللہ تعالیٰ عنہ فرماتے ہیں :''بندہ جب اللہ عزوجل کے لئے تواضع اختیار کرتا ہے تو اللہ عزوجل اس کی لگام (ایک مقرر فرشتے کے ذریعے)بلند فرما دیتا ہے، (پھر وہ فرشتہ) کہتا ہے :''عاجزی اختیار کر، اللہ عزوجل تجھے بلندی عطا فرمائے گا۔''اور جب بندہ تکبراور سرکشی کرتا ہے تو اللہ عزوجل اسے (اسی مؤکل فرشتے کے ذریعے ) سختی سے زمین پرپٹخ دیتا ہے اور (وہ فرشتہ اس بندے سے)کہتا ہے :'' دور ہو جا، اللہ عزوجل تجھے رسوا کرے۔'' حالانکہ وہ اپنے دل میں خود کو بڑا سمجھ رہا ہوتا ہے جبکہ لوگوں کی نظروں میں حقیرہوتا ہے یہا ں تک کہ وہ ان کے نزدیک خنزیر سے بھی بدتر ہو جاتا ہے۔''
اُم المؤمنین حضرت سیدتنا عائشہ صدیقہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا اور تواضع:
اُم المؤمنین حضرت سیدتنا عائشہ صدیقہ رضی اللہ تعالیٰ عنہافرماتی ہیں :''تواضع کرنا افضل عبادت ہے۔''
حضرت سیدنافُضَیل بن عیاض رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ اور تواضع:
حضرت سیدنا فضیل بن عیاض رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ فرماتے ہیں :'' تواضع یہ ہے کہ تم حق کے آگے جھک جاؤاور اس کی پیروی کرو اور اگرتم سب سے بڑے جاہل سے بھی حق بات سنو تواسے بھی قبول کرلو۔''
حضرت سیدنا سلیمان بن داؤد علی نبیناوعلیہ الصلوٰۃ والسلام اور تواضع:
حضرت سیدنا سلیمان بن داؤد علی نبیناوعلیہ الصلوٰۃ والسلام صبح کرتے تو لوگوں کے حالات جاننے کے لئے ان کے چہروں میں غور کرتے، یہاں تک کہ مساکین کے پاس جا کر بیٹھ جاتے اور ارشاد فرماتے :''مسکین، مسکینوں کے ساتھ بیٹھ گیا ۔''
حضرت سیدنا حسن رضی اللہ تعالیٰ عنہ اور تواضع:
حضرت سیدنا حسن رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے فرمایا:''تواضع یہ ہے کہ جب تم اپنے گھرسے نکلو تو جس مسلمان سے بھی ملو اسے اپنے آپ سے افضل جانو۔''
حضرت سیدنا مجاہد رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ اور تواضع:
حضرت سیدنا مجاہد رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ فرماتے ہیں :''اللہ عزوجل نے جودی پہاڑ کوسفینۂ نوح (علیہ الصلوٰۃ والسلام )کے ساتھ خاص فرمایاکیونکہ یہ دوسروں سے زیادہ عجز کا اظہار کرتا تھا اور حِرا پہاڑکواپنے محبوب صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم کی عبادت کے ساتھ اس لئے خاص فرمایا کیونکہ یہ دوسرے پہاڑوں سے زیادہ تواضع کرتا تھا اور اللہ عزوجل نے آپ صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم کے قلب اَطہرکو اس لئے دیگرمخلوق سے ممتاز فرمایا کیونکہ یہ عجز وانکساری میں ان پر فوقیت رکھتا تھا۔''
0 Comments: