(33)۔۔۔۔۔۔مَحبوبِ رَبُّ العزت، محسنِ انسانیت عزوجل وصلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم کا فرمانِ عالیشان ہے :''اُون کا لباس پہننا، مؤمن فقراء کی صحبت میں بیٹھنا، درازگوش(گدھا) پر سواری کرنا اور بکری کو رسی سے باندھ دینا تکبر سے براء ت کے اسباب ہیں ۔ ' '
(شعب الایمان، باب فی الملابس والاوانی، فصل فی التواضع، الحدیث:۶۱۶۱،ج۵،ص۱۵۳)
(34)۔۔۔۔۔۔شہنشاہِ مدینہ،قرارِ قلب و سینہ صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم کا فرمانِ عالیشان ہے :''جس نے اپنا سامان خود اٹھا لیا وہ تکبر سے آزاد ہو گیا۔''
(شعب الایمان، باب فی حسن الخلق، فصل فی التواضع، الحدیث: ۸۲۰۱،ج۶،ص۲۹۲)
(35)۔۔۔۔۔۔صاحبِ معطر پسینہ، باعثِ نُزولِ سکینہ، فیض گنجینہ صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم کا فرمانِ عالیشان ہے :''عنقریب میری اُمت کو پچھلی اُمتوں کی بدترین بیماری پہنچے گی جو کہ تکبر، کثرتِ مال کی حرص، دنیوی معاملات میں کینہ رکھنا، باہم ایک دوسرے سے بغض رکھنا اور حسد (کرنے پر مشتمل )ہے ، یہاں تک کہ وہ سرکشی اختیار کر لے گی۔''
(المستدرک ،کتاب البر والصلۃ ، باب داء الاعم۔۔۔۔۔۔الخ،الحدیث:۷۳۹۱،ج۵،ص۲۳۴)
(36)۔۔۔۔۔۔نور کے پیکر، تمام نبیوں کے سَرْوَرصلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم کا فرمانِ عالیشان ہے :''فخر اور تکبر اونٹوں کے مالکوں میں ہوتاہے جب کہ اطمینان و وقار بھیڑ بکریوں کے مالکوں میں ہوتاہے۔''
(المسندللامام احمد بن حنبل، مسند ابی سعید الخدری، الحدیث: ۱۱۳۸۰،ج۴،ص۸۵،''بتقدمٍ وتأخرٍ'')
0 Comments: