ہم(1)خاک ہیں اور خاک ہی مَاوا ہے ہمارا
خاکی تو وہ آدم جَد اَعلیٰ ہے ہمارا
اللّٰہ ہمیں خاک کرے اپنی طلب میں
یہ خاک تو سرکار سے تمغا ہے ہمارا
جس خاک پہ رکھتے تھے قدم سیِّد عالم
اُس خاک پہ قرباں دلِ شیدا ہے ہمارا
خم ہو گئی پشتِ فلک اس طعنِ زَمیں سے
سن ہم پہ مَدینہ ہے وہ رتبہ ہے ہمارا
اس نے لقبِ خاک شہنشاہ سے پایا
جو حیدرِ کرّار کہ مولیٰ ہے ہمارا
اے مدّعیو! خاک کو تم خاک نہ سمجھے
اس خاک میں مدفوں شہِ بطحا ہے ہمارا
ہے خاک سے تعمیر مزارِ شہِ کونین
معمور اِسی خاک سے قبلہ ہے ہمارا
ہم خاک اڑائیں گے جو وہ خاک نہ پائی
آباد رضاؔ جس پہ مدینہ ہے ہمارا
٭…٭…٭…٭…٭…٭
________________________________
1 - ۔۔۔دَ رردِّ مبتدعی کہ بعض علمائے کرام را نسبت بہ پیرِ خود گفتہ بُود۔چہ نسبت خاک را باعالمِ پاک ۱۲۔
حضرت ابو ابراہیم تجیبی علیہ رحمۃ اللّٰہ الغنی کا فرمان ہے: ’’ہر مومن پر واجب ہے کہ جب وہ رحمت عالم صلَّی اللّٰہ تعالٰی عَلَــیْہِ وَسَلَّمکا ذکر کرے یا اسکے سامنے آپ کا ذکر کیا جائے تو وہ پر سکون ہوکر نیاز مندی وعاجزی کا اظہار کرے اوراپنے قلب میں آپ کی عظمت اورہیبت وجلال کاایسا ہی تاثر پیدا کرے جیسا کہ آپ صلَّی اللّٰہ تعالٰی عَلَــیْہِ وَسَلَّم کے روبرو حاضر ہونے کی صورت میں آپ کے جلال وہیبت سے متاثر ہوتا۔‘‘
(الشفا ئ، ج۲،ص۳۲)
0 Comments: