زبان و شرمگاہ کی حفاظت بھی اعمالِ جنت میں سے ایک اہم عمل ہے۔اس بارے میں حدیثوں کا مقدس فرمان پڑھئے اور ہدایت کا نور حاصل کیجئے۔
حدیث:۱
حضرت سہل بن سعد رضی اللہ تعالیٰ عنہماسے مروی ہے انہوں نے کہا کہ رسول اللہ عزوجل وصلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہ وسلم نے فرمایا ہے کہ جو شخص اپنے دونوں کلّوں اور اپنی دونوں ٹانگوں کے درمیان والی چیز کا میرے لیے ضامن ہوجائے تو میں اس کے لیے جنت کا ضامن ہوں۔(1) (ترمذی،ج۲،ص۶۳)
مطلب یہ ہے کہ دونوں کلّوں کے درمیان کی چیز یعنی زبان کی خلافِ شرع باتوں سے حفاظت کرے اور دونوں ٹانگوں کے درمیان کی چیز یعنی اپنی شرمگاہ کی بدکار ی سے حفاظت کرے۔
حدیث:۲
حضرت عائشہ رضی اللہ تعالیٰ عنہاسے روایت ہے کہ رسول اللہ عزوجل وصلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہ وسلم نے فرمایا ہے کہ دو آدمی جنت میں جائیں گے ایک وہ جو اپنے دونوں کلوں کے درمیان کی چیز(یعنی زبان )کی حفاظت کرے دوسرا وہ جو اپنے دونوں پیروں کے درمیان کی چیز(یعنی شرمگاہ)کی حفاظت کرے۔(1) (کنز العمال،ج۲،ص۶۳)
تشریحات و فوائد
بظاہر آدمی کو احساس نہیں ہوتامگر درحقیقت زبان بہت سے گناہوں کا ذر یعہ ہے۔کفر و شرک، غیبت و چغلی وفحش کلامی،بہتان، جھوٹ وغیر ہ سب گناہ زبان ہی سے ہوتے ہیں، لہٰذا جو زبان کی حفاظت کریگا وہ ان سب گناہوں سے محفوظ رہے گا اسی طرح جو شرمگاہ کی حفاظت کریگا وہ زنا کاری اور اس کے لوازم کے گناہوں سے بچارہے گا۔ واللہ تعالیٰ اعلم
0 Comments: