حدیث:۱
حضرت عبادہ بن صامت رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے انہوں نے کہاکہ میں نے رسول اللہ عزوجل و صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہ وسلم کو یہ فرماتے ہوئے سنا کہ جو شخص اس بات کی گواہی دے کہ خدا عزوجل کے سوا کوئی معبود نہیں اور حضرت محمد صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہ وسلم اللہ عزوجل کے رسول ہیں تو اللہ تعالیٰ اس کے اوپر جہنم کو حرام فرمادے گا۔(2)
(مسلم) (مشکوٰۃ،ج۱،ص۱۵)
حدیث:۲
حضرت عثمان رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے انہوں نے کہاکہ رسول اللہ عزوجل وصلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہ وسلم نے فرمایا کہ جو شخص لَآ اِلٰـہَ اِلَّا اللہُ کا یقین رکھتے ہوئے مر ا وہ جنت میں داخل ہوگا۔(3) (مسلم،ج۱،ص۴۱)
حدیث:۳
حضرت معاذ بن جبل رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ جس کا آخری کلام لَآ اِلٰـہَ اِلَّا اللہُ ہوگا وہ جنت میں داخل ہوگا۔(1) (مشکوٰۃ،ج۱،ص۱۴۱)
حدیث:۴
حضرت معاذ بن جبل رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے انہوں نے کہا کہ مجھ سے رسول اللہ صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہ وسلم نے فرمایا کہ جنت کی کنجیاں لَآاِلٰـہَ اِلَّا اللہُ کی گواہی ہے۔(2)
(مشکوٰۃ،ج۱،ص۱۵)
حدیث:۵
حضرت انس رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے حضورنبی کریم صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہ وسلم سے روایت کی ہے کہ آپ نے ارشاد فرمایاہے کہ جس نے لَآ اِلٰہَ اِلَّا اللہُ کہا اور اُس کے دل میں جو کے برابر بھی نیکی ہوگی تو وہ جہنم سے نکال لیا جائے گا اور جس نے لَآ اِلٰـہَ اِلَّا اللہ ُ کہا اور اُس کے دل میں گیہوں کے برابر بھی نیکی ہوگی تو وہ جہنم سے نکال لیا جائے گااور جس نے لَآ اِلٰـہَ اِلَّا اللہُ کہا اور اُس کے دل میں ایک ذرہ کے برابر بھی نیکی ہوگی تو وہ بھی جہنم سے نکال لیا جائے گا۔(3) (بخاری شریف،ج۱،ص۱۱)
حدیث:۶
حضرت وہب بن منبہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ اُن سے کسی نے کہا
کہ کیا لَآ اِلٰـہَ اِلَّا اللہُ جنت کی کنجی نہیں ہے؟توآپ نے فرمایا: کیوں نہیں لیکن کوئی کنجی ایسی نہیں ہوتی جس میں دندانے نہ ہوتے ہوں لہٰذا اگر تم ایسی کنجی لاؤ گے جس میں دندانے ہوں جب تو تالا کھلے گا ورنہ نہیں کھلے گا۔(1) (مشکوٰۃ،ج۱،ص۱۶)
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
2۔۔۔۔۔۔مشکاۃالمصابیح،کتاب الایمان،الفصل الثالث،الحدیث:۳۶،ج۱،ص۲۸
3۔۔۔۔۔۔صحیح مسلم،کتاب الایمان،باب الدلیل علی ان من مات...الخ،الحدیث:۲۶،ص۳۴
1۔۔۔۔۔۔سنن ابی داود،کتاب الجنائز،باب فی التلقین،الحدیث:۳۱۱۶،ج۳، ص۲۵۵
2۔۔۔۔۔۔مشکاۃالمصابیح،کتاب الایمان،الفصل الثالث،الحدیث:۴۰،ج۱،ص۲۹
3۔۔۔۔۔۔صحیح البخاری،کتاب الایمان،باب زیادۃ الایمان ونقصانہ،الحدیث۴۴،ج۱،ص۲۸
1۔۔۔۔۔۔مشکاۃ المصابیح،کتاب الایمان،الفصل الثالث،الحدیث:۴۳،ج۱،ص۲۹
0 Comments: