اے خداوند جہاں اے کردگار
تیری رحمت کا ہوں میں امیدوار
گو کہ میں اک بندہ ناکارہ ہوں
بیکس و مجبور ہوں بے چارہ ہوں
تیری رحت سے مگر دل شاد ہوں
نعمتوں کے باغ کا شمشاد ہوں
تو نے ایسا فضل مجھ پر کردیا
رحمتوں سے میرا دامن بھر دیا
میری قسمت اس طرح نوری ہوئی
یہ ''بہشتی کنجیاں''پوری ہوئی
کس زبان سے شکر تیرا ہو ادا
میں تیرا بندہ ہوں تو میرا خدا
اے خدا جب تک رہیں لیل و نہار
دو جہاں میں ہو یہ میری یاد گار
غنچہ امید کھل کر پھول ہو
نور کی سرکار میں مقبول ہو
آنکھ روشن پڑھ کے ہر دل سیر ہو
اور میرا خاتمہ بالخیر ہو
ہوں مرے ماں باپ یارب جنتی
از طفیل ''رَبِّ ھَبْ لِیْ اُمَّتِیْ''
میرے سب استاد بھی احباب بھی
جنۃ الفردوس پا جائیں سبھی
کر دعائے اعظمی ؔیا رب قبول
بہر اصحابِ نبی آلِ رسول
0 Comments: