اِس مقدس کلمہ کی بڑی عظمت ہے اور اس کوبکثرت اور بار بار پڑھنے کا بہت بڑا اجرو ثواب ہے۔ چنانچہ ایک حدیث میں آیا ہے کہ قیامت کے دن ایک شخص کو اللہ تعالیٰ تمام مخلوق کے سامنے کھڑا کرکے اس کے نامہ اعمال کے ننانوے دفتر کھولے گا اور ہر دفتر اس کی حدِ نگاہ کے برابر لمبا چوڑا ہوگا۔ پھر باری تعالیٰ فرمائے گا:کیا تجھ کو ان اعمال سے انکار ہے؟ کیا نامہ اعمال لکھنے والے فرشتوں نے تجھ پر کچھ ظلم کیا ہے؟ تو وہ کہے گا کہ نہیں اے میرے پروردگار !عزوجل پھرباری تعالیٰ فرمائے گا کہ کیا تجھ کوکچھ عذر پیش کرناہے؟تووہ کہے گاکہ نہیں اے میرے پروردگار!عزوجل تواللہ تعالیٰ فرمائے گاکہ کیوں نہیں!تیری ایک نیکی ہمارے پاس موجودہے اور تجھ پر کوئی ظلم نہیں ہوگا۔ پھر ایک پرچہ نکالا جائے گاجس میں اَشْھَدُ اَنْ لَّآ اِلٰہَ اِلَّا اللہُ وَاَشْھَدُ اَنَّ مُحَمَّدًا رَّسُوْلُ اللہِ لکھا ہوگا اس کے بعد اللہ تعالیٰ حکم دے گا اے شخص! تو اپنے نامہ اعمال تولنے کی جگہ حاضر ہو جاتو وہ شخص عرض کریگا کہ اے میرے پروردگار ! عزوجل بھلا اِن دفتروں کے سامنے اس چھوٹے سے پرچہ کی کیا حقیقت ہے؟ تو اللہ تعالیٰ فرمائے گا کہ تو میزان عمل کے پاس جا کر وزن کرالے اور یاد رکھ لے تیرے اُوپر کوئی ظلم نہیں کیا جائے گا۔ حضور اکرم صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ اس وقت ان تمام نامہ اعمال کے دفتروں کو میزان عمل کے ایک پلڑے میں رکھا جائے گا اور وہ پرچہ دوسرے پلڑے میں رکھا جائے گااور جب وزن کیا جائے گا تو تمام دفتروں کے انبار ہلکے پڑ جائیں گے اور وہ پرچہ بھاری ہوگا اور ظاہر ہے کہ بھلا خدا عزوجل کے نام کے مقابلہ میں کون سی چیز بھاری ہوسکتی ہے؟(1)
(ترمذی شریف،ج۲،ص۸۸)
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
1۔۔۔۔۔۔سنن الترمذی،کتاب الایمان،باب ماجاء فیمن...الخ،الحدیث:۲۶۴۸،ج۴،ص۲۹۰
0 Comments: