اس اعتبا ر سے لفظ مفرد کی دو قسمیں ہیں ۔
۱۔ متحد المعنی ۲۔ متکثر المعنی
۱۔ متحد المعنی:
وہ لفظ مفرد جس کا ایک ہی معنی ہو جیسے: زَیْدٌ۔
۲۔ متکثر المعنی:
وہ لفظ مفرد جس کے ایک سے زائد معنی ہوں جیسے: لفظ عَیْنٌ اس لفظ کے کئی معنی ہیں مثلا آنکھ، پانی کاچشمہ ،جاسوس،گھٹنا وغیرہ۔
متحد المعنی کی اقسام
اس کی تین قسمیں ہیں۔
۱۔عَلَمْ ۲۔ مُتَوَاطِیْ ۳۔ مُشَکِّکْ
۱۔عَلَمْ:
وہ لفظ مفرد ہے جس کا ایک معنی ہو اور و ہ مُتَعَیَّنْ اورخاص ہو جیسے: زید ۔
۲۔مُتَوَاطِی:
متواطی تواطؤسے مشتق ہے جس کا لغوی معنی ''پورا پورا صادق آنا،متفق ہونا''ہے اور اصطلاح میں اس سے مرادوہ لفظ مفردجس کا معنی مُتَعَیَّنْ اورخاص نہ ہو۔ بلکہ وہ بہت سارے افراد پر برابر برابر صادق آئے۔جیسے: انسان کہ یہ اپنے تمام افراد ( زید، عمرو ،بکروغیرہ) پر مساوی طور پرصادق آتاہے یہ نہیں کہ زید پر انسان کا صدق اولیٰ اور پہلے ہو اور عمرو پر غیر اولیٰ اور بعد میں ہو۔
۳۔مُشکِّکْ:
مشکک کا لغوی معنی ہے شک میں ڈالنے والا،اور اصطلاح میں اس سے مرادوہ لفظ مفرد ہے جس کاایک معنی ہولیکن مُتَعَیَّنْ اورخاص نہ ہو بلکہ وہ بہت سارے افراد پر ایسے صادق آئے کہ بعض پر اشد اور بعض پر اضعف ہوبعض پرپہلے ،بعض پر بعد میں۔ جیسے: وُجُوْدٌ،أَبْیَضُ،أَسْوَدُ،طَوِیْلٌ وغیرہ الفاظ۔
وضاحت:
''وجود'' لفظ مفرد ہے اور یہ بہت سے افراد پر بولاجاتاہے۔ مگریہ سب پر برابر برابر صادق نہیں آتا جیسے: وجود باپ کا بھی ہے اور بیٹے کا بھی مگر باپ کا وجود پہلے ہے اور بیٹے کا بعد میں ،ایسے ہی سفید کا اطلاق کہ بعض چیزوں میں سفیدی زیادہ ہوتی ہے اور بعض میں کم جیسے: ہاتھی کے دانت میں سفیدی کم ہے جبکہ برف میں زیادہ۔
0 Comments: