قرآن و حدیث کی روشنی میں نکاح کی ترغیب
میٹھے میٹھے اسلامی بھائیو!بیان کردہ آیتِ مُبارَکہ اور حدیثِ پاک کی روشنی میں نکاح کے متعلِّق انبیائے کرام عَلَیْہِمُ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام کا طرزِ عمل معلوم ہوا اِس کے علاوہ قرآن و حدیث میں باقاعدہ اہلِ ایمان کو نکاح کا حکم اور اِس کی ترغیب بھی دلائی گئی ہے۔ چنانچہ ارشادِ خُداوندی عَزَّ وَجَلَّہے :
وَ اَنْكِحُوا الْاَیَامٰى مِنْكُمْ (پ۱۸ ، النور : ۳۲)
تَرْجَمَۂ کنز الایمان : اور نکاح کردو اپنوں میں اُنکا جو بے نکاح ہوں ۔
یونہی ہمارے پیارے آقا ، مکی مدنی مُصْطَفٰے صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے بھی بارہا اپنے فرامین کے ذریعے نکاح و شادی کی ترغیب و اہمیَّت کو بیان فرمایا۔ چنانچہ ارشاد فرمایا : مَنْ اَحَبَّ فِطْرَتِیْ فَلْیَسْتَنَّ بِسُنَّتِیْ وَمِنْ سُنَّتِی النِّکَاحُ یعنی جو شخص میری فِطرت (یعنی اسلام) سے محبت کرتا ہے اُسے میری سنّت اختیار کرنی چاہئے اور نکاح بھی میری سنّت ہے۔ (1) اور ارشاد فرمایا : اَلنِّکَاحُ مِنْ سُنَّتِیْ فَمَنْ لَمْ یَعْمَلْ بِسُنَّتِیْ فَلَیْسَ مِنِّیْ یعنی نکاح میری سنّت ہے تو جس نے میری سنّت پر عمل نہ کیا وہ مجھ سے نہیں ۔ (2) اور ارشاد فرمایا : مَنْ رَغِبَ عَنْ سُنَّتِیْ فَلَیْسَ مِنِّیْ یعنی جو میری سنّت سے رُوگردانی کرے وہ مجھ سے نہیں۔ (3)
1 - مصنف عبدالرزاق ، کتاب النکاح ، باب وجوب النکاح وفضله ، ۶ / ۱۳۵ ، حديث : ۱۰۴۱۸
2 - ابن ماجه ، کتاب النکاح ، باب ماجاء فی فضل النکاح ، ۲ / ۴۰۶ ، حديث : ۱۸۴۶
3 - بخاری ، کتاب النکاح ، باب الترغيب فی النکاح ، ۳ / ۴۲۱ ، حديث : ۵۰۶۳
0 Comments: