شہنشاہِ دوعالم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ کا ولیمہ
خیبر کے موقع پر سفر کی حالت میں رسولِ کریم ، رؤفٌ رَّحیم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے جب حضرت سَیِّدَتُنا صفیّہ رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہا کو اپنے حِبالۂ عَقْد میں لیا تو کس قدر سادَگی سے ولیمہ کیا کہ حضرت سیّدُنا انس رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُ سے رِوایت ہے : شہنشاہِ دوعالم ، رسولِ اکرم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے خیبر و مدینہ کے درمیان (صَہباء کے مقام پر)اُمُّ المومنین حضرت سَیِّدَتُنا صفیّہ رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُ کے زِفاف کی وجہ سے تین راتوں تک قیام فرمایا ، میں مسلمانوں کو ولیمہ کی دعوت میں بُلالایا ، ولیمہ میں نہ روٹی تھی اور نہ ہی گوشت ، صرف یہ ہوا کہ رسولُ الله صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے حضرت بلال رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُ کو دسترخوان بچھانے کا حکم دیا ، دسترخوان بچھا دئیے گئے تو اُن پر کھجوریں ، پنیر اور گھی رکھ دیا گیا(ان چیزوں کے ذریعے دعوتِ ولیمہ ہوئی)۔ (1)اسی طرح جب حضرت سیّدتُنا عائشہ صِدّیقہ رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہا کو آپ صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے اپنے حرم شریف میں لیا تو ایک پیالہ دُودھ سے صحابہ ٔ کرام عَلَیْہِمُ الرِّضْوَان کی دعوتِ ولیمہ فرمائی۔ (2)بعض ازواجِ مطہرات رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُنَّ کا ولیمہ تو پیارے آقا ، مکی مدنی مُصْطَفٰے صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے صرف دو مُدْ جَو شریف کے ذریعہ کردیا تھا (حالانکہ دو مُد آدھا صاع یعنی صرف سوا دوسیرہوتا ہے)۔ (3)
________________________________
1 - بـخاری ، کتاب المغازی ، باب غزوة خیبر ، ۳ / ۸۶ ، حـدیث : ۴۲۱۳
2 - مدارج النبوت ، قسم سوم ، باب اول ، ذکر عبد اللہ بن سلام ، ۲ / ۷۰ ملخصا
3 - بخاری ، کتاب النکاح ، باب من اولم الخ ، ۳ / ۴۵۴ ، حـدیث : ۵۱۷۲
0 Comments: