شادی کرنے کی تاکید
حضرت سَیِّدُنا ابو ذَر رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُ سے مروی ہے کہ رسولُ اللہ صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ کی خدمت میں ایک مرتبہ عکّاف بن بِشْر تمیمی صحابی رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُ حاضر ہوئے ، رسولِ کریم ، رؤفٌ رَّحیم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے اِسْتِفْسار فرمایا : عکّاف!تمہاری کوئی بیوی ہے؟عرض کی نہیں ۔ پوچھا : کوئی باندی ہے؟عرض کی : نہیں ۔ فرمایا : تم تو مالدار بھی ہو؟ عرض کی : جی ہاں ۔ فرمایا : تب تو تم شیطان کے بھائی ہو ، اگر تم عیسائیوں میں ہوتے تو اُن کے راہبوں میں شُمار ہوتے ، ہماری سنّت تو نکاح کرنا ہے ، تم میں بَدترین لوگ وہ ہیں جو کنوارے ہیں اور گھٹیا ترین موت مرنے والے بھی وہ ہیں جو کنوارے ہیں ، کیا تم شیطان سے لڑتے ہو؟ شیطان کے پاس نیک آدمیوں کے لئے عورتوں سے زیادہ کار گر ہتھیار کوئی نہیں ، ہاں اگر وہ نیک لوگ شادی شُدہ ہوں (تو شیطان کے ہتھیار سے بچ جاتے ہیں ) وہی لوگ پاکیزہ اور گندگی سے محفوظ ہوتے ہیں ، عکّاف! نکاح کر لو ورنہ تَذبذُب کا شکار رہو گے ، اُنہوں نے عرض کیا : یارسولَ الله صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ آپ خود ہی کسی سے میرا نکاح کر دیجئے ، رسولِ کریم ، رؤفٌ رَّحیم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے فرمایا : میں نے کریمہ بنتِ کُلثوم حِمْیَری سے تمہارا نکاح کردیا۔ (1)
صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب!
صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلٰی مُحَمَّد
________________________________
1 - مسند احمد ، مسند الانصار ، ۸ / ۱۰۳ ، حدیث : ۲۱۵۰۶ملتقطا
0 Comments: