ہر وہ لفظ یا جملہ جس سے خداوند قدوس کی عظمت و بزرگی اور کبریائی کا اظہار ہوتا ہو اس کو پڑھنا یہ ذکرالٰہی ہے مگر کچھ ایسے کلمات اور دعائیں ہیں جو حضور نبی کریم صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہ وسلم سے منقول ہیں کہ ان کو خود حضور نے پڑھایا ان کے پڑھنے کا حکم دیایا اُن کوپڑھنے کی فضیلت یافائدہ اورثواب بتایا۔ایسے کلمات اوردعاؤں کو ''اذکارِماثورہ'' کہتے ہیں دوسرے اذکاراوردعاؤں کی بہ نسبت اذکارماثورہ کو پڑھنا بہت ہی افضل و اعلیٰ ذکراورباعث اجروثواب عمل صالح ہے اس لیے ہم چند اذکارِماثورہ بھی تحریرکررہے ہیں کیوں کہ یہ بھی اس اعمال صالحہ میں سے ہیں جوجنت میں لے جانے والے ہیں۔
حدیث:۱
حضرت سمرہ بن جندب رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے کہا کہ رسول اللہ صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہ وسلم نے فرمایا کہ تمام کلاموں میں افضل یہ چار کلمات ہیں: ''سُبْحَانَ اللہِ وَالْحَمْدُ لِلّٰہِ وَلَآ اِلٰہَ اِلَّا اللہُ وَاللہُ اَکْبَرُ'' اور ایک روایت میں یوں ہے کہ تمام کلاموں میں اللہ تعالیٰ کو سب سے زیادہ یہ چاروں کلمات محبوب ہیں: ''سُبْحَانَ اللہِ وَالْحَمْدُ لِلّٰہِ وَلَآ اِلٰہَ اِلَّا اللہُ وَاللہُ اَکْبَرُ'' اور ان چاروں میں سے جس کو چاہو پہلے پڑھو جس کو چاہو بعد میں پڑھو اس میں کوئی حرج نہیں۔(1)(مشکوٰۃ،ج۱،ص۲۰۰)
حدیث:۲
حضرت ابوہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے کہا کہ رسول اللہ صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہ وسلم نے فرمایاکہ سُبْحَانَ اللہِ وَالْحَمْدُ لِلّٰہِ وَلَآ اِلٰہَ اِلَّا اللہُ وَاللہُ اَکْبَرُ کو میں پڑھوں یہ مجھ کو ان تمام چیزوں سے زیادہ محبوب ہے جن پر سورج طلوع کرتا ہے۔ (2)
(مشکوٰۃ،ج۱،ص۲۰۰)
حدیث:۳
حضرت ابوہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے انہوں نے کہا کہ رسول اللہ صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہ وسلم نے فرمایا ہے کہ جو شخص دن بھر میں ایک سو مرتبہ سُبْحَانَ اللہِ وَبِحَمْدِہ پڑھ لے گا اس کے تمام گناہ معاف ہوجائیں گے اگرچہ وہ گناہ سمندر کے جھاگ کے مثل ہوں (یعنی بہت زیادہ ہوں)۔ اس حدیث کو بخاری ومسلم نے روایت کیا ہے۔(3)
(مشکوٰۃ،ج۱،ص۲۰۰)
حدیث:۴
حضرت ابوہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے مروی ہے انہوں نے کہا کہ رسول اللہ صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہ وسلم نے فرمایا کہ دو کلمے ہیں کہ زبان پر بہت ہی ہلکے ہیں اور میزانِ عمل میں بہت بھاری ہیں اورر حمن کو بہت محبوب ہیں: سُبْحَانَ اللہِ وَبِحَمْدِہٖ سُبْحَانَ اللہِ الْعَظِیْمِ۔ (1) یہ حدیث بخاری و مسلم میں ہے۔(مشکوٰۃ،ج۱،ص۲۰۰)
حدیث:۵
حضرت ابوذر رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہ وسلم سے یہ پوچھا گیا کہ کون سا کلام افضل ہے؟ تو آپ نے فرمایا کہ وہ کلام جس کو اللہ تعالیٰ نے اپنے فرشتوں کے لیے چن لیا ہے۔ یعنی سُبْحَانَ اللہِ وَبِحَمْدِہٖ۔ اس حدیث کو مسلم نے روایت کیا ہے۔(2)(مشکوٰۃ،ج۱،ص۲۰۰)
حدیث:۶
حضرت جابر رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہ وسلم نے فرمایا ہے کہ جو شخص یہ دعا پڑھے گا جنت میں اس کے لیے ایک درخت لگادیا جائے گا۔ سُبْحَانَ اللہِ الْعَظِیْمِ وَبِحَمْدِہٖ۔ اس حدیث کو ترمذی نے روایت کیا ہے۔(3)
(مشکوٰۃ،ج۱،ص۲۰۰)
حدیث:۷
حضرت ابوہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہ وسلم نے فرمایا کہ جو دن میں سو مرتبہ لَآ اِلٰہَ اِلَّا اللہُ وَحْدَہٗ لَا شَرِیْکَ لَہٗ لَہُ الْمُلْکُ وَلَہُ الْحَمْدُ وَھُوَ عَلٰی کُلِّ شَی ءٍ قَدِیْرٌ پڑھ لے گا اس کو دس غلاموں کے آزاد کرنے کا ثواب ملے گااوراس کے لیے ایک سونیکیاں لکھی جائیں گی اوراس کے ایک سوگناہ معاف کردئیے جائیں گے اور دن بھر یہاں تک کہ شام ہوجائے وہ شیطان سے محفوظ رہے گااورکوئی اس سے زیادہ فضیلت والاعمل نہیں کرسکتامگروہ شخص جواس دعاکوایک سوسے زیادہ مرتبہ پڑھے۔ اس حدیث کو بخاری و مسلم نے روایت کیا ہے۔(1)
(مشکوٰۃ،ج۱،ص۲۰۱)
حدیث:۸
حضرت بلال بن یسار بن زیدرضی اللہ تعالیٰ عنہ سے مروی ہے، انہوں نے کہا کہ مجھ سے میرے باپ نے میرے دادا سے روایت کرتے ہوئے بیان کیا کہ انہوں نے رسول اللہ صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہ وسلم کو یہ فرماتے ہوئے سنا کہ جس نے یہ دعا پڑھی اس کے سب گناہ بخش دیئے جائیں گے اگرچہ جہاد سے بھاگا ہو۔ اَسْتَغْفِرُ اللہَ الَّذِیْ لَا اِلٰہَ اِلَّا ھُوَ الْحَیُّ الْقَیُّوْمُ وَاَتُوْبُ اِلَیْہِ۔ اس حدیث کو ترمذی اور ابوداود نے روایت کیا ہے۔(2)
(مشکوٰۃ،ج۱،ص۲۰۵)
حدیث:۹
حضرت شداد بن اوس رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے انہوں نے کہا کہ رسول اللہ صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہ وسلم نے فرمایا ہے کہ سید الاستغفار یہ ہے: اَللّٰھُمَّ اَنْتَ رَبِّیْ لَآ اِلٰہَ اِلَّا اَنْتَ خَلَقْتَنِیْ وَاَنَا عَبْدُکَ وَاَنَا عَلٰی عَھْدِکَ وَوَعْدِکَ مَا اسْتَطَعْتُ اَعُوْذُ بِکَ مِنْ شَرِّ مَا صَنَعْتُ اَبُوْءُ لَکَ بِنِعْمَتِکَ عَلَیَّ وَاَبُوْءُ بِذَنْبِیْ فَاغْفِرْ لِیْ فَاِنَّہٗ لَا یَغْفِرُ الذُّنُوْبَ اِلَّا اَنْتَ
جو شخص اس دعا کو یقین رکھتے ہوئے دن میں پڑھ لے اور اسی دن رات آنے سے پہلے مرجائے تو وہ جنتی ہے اور جو شخص یقین رکھتے ہوئے رات میں اس دعا کو پڑھ لے اور صبح ہونے سے پہلے اس کا انتقال ہوجائے تو وہ جنتی ہے۔بخاری نے اس حدیث کو روایت کیا ہے۔(1)(مشکوٰۃ،ج۱،ص۲۰۶)
حدیث:۱۰
حضرت ابوہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے مروی ہے انہوں نے کہا کہ رسول اللہ صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہ وسلم جب صبح کرتے تو یہ دعا پڑھتے:
'' اَللّٰھُمَّ بِکَ اَصْبَحْنَا وَبِکَ اَمْسَیْنَا وَبِکَ نَحْیٰی وَبِکَ نَمُوْتُ وَاِلَیْکَ المَصِیْرُ ''
اور حضور علیہ الصلوۃ والسلام جب شام کرتے تھے تو یہ دعا پڑھتے تھے:
'' اَللّٰھُمَّ بِکَ اَمْسَیْنَا وَبِکَ اَصْبَحْنَا وَبِکَ نَحْیٰی وَبِکَ نَمُوْتُ وَاِلَیْکَ النُّشُوْرُ ''
اس حدیث کو ترمذی و ابوداودو ابن ما جہ نے روایت کیا ہے۔(2) (مشکوٰۃ،ج۱،ص۲۰۹)
حدیث:۱۱
حضرت ابان بن عثمان رضی اللہ تعالیٰ عنہما سے روایت ہے انہوں نے کہا کہ میں نے اپنے باپ سے سنا وہ کہتے تھے کہ رسول اللہ صلی اللہ تعالیٰ علیہ والہ وسلم نے فرمایاکہ جو بندہ ہر دن کی صبح میں اورہر رات کی شام میں تین مرتبہ یہ دعا پڑھ لے تو دن اوررات میں کوئی چیز اس کو نقصان نہیں پہونچا سکتی : بِسْمِ اللہِ الَّذِیْ لَا یَضُرُّ مَعَ اسْمِہٖ شَیْءٌ فِی الْاَرْضِ وَلَا فِی السَّمَاءِ وَھُوَ السَّمِیْعُ الْعَلِیْمُ ۔ اس حدیث کو ترمذی وابن ما جہ وابو داود نے روایت کیا ہے ۔(3)(مشکوٰۃ،ج۱،ص۲۰۹)
حدیث:۱۲
حضرت مکحول رضی اللہ تعالیٰ عنہ حضرت ابوہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہ وسلم نے مجھ سے فرمایاکہ تم بکثرت پڑھاکرو: لَاحَوْلَ وَلَا قُوَّۃَ اِلَّا بِاللہ ِ کیونکہ یہ جنت کے خزانوں میں سے ایک خزانہ ہے اور حضرت مکحول نے فرمایا کہ جس نے لَاحَوْلَ وَلَا قُوَّۃَ اِلَّابِاللہِ وَلَامَنْجٰی مِنَ اللہِ اِلَّا اِلَیْہِ پڑھ لیا تو اللہ تعالیٰ اس سے تکلیفوں کے ستر دروازے دفع فرمادے گا کم سے کم یہ کہ محتاجی اس کے پاس نہیں آئے گی۔(1) (مشکوٰۃ،ج،ص۲۰۲)
حدیث:۱۳
حضرت ابوہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے مروی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہ وسلم نے فرمایاکہ لَاحَوْلَ وَلَا قُوَّۃَ اِلَّا بِاﷲِ ننانوے بیماریوں کی دوا ہے، سب سے کم دوا یہ ہے کہ اس کے پڑھنے والے کو کوئی رنج وغم نہیں ہوتا ۔(2)(مشکوٰۃ،ج۱،ص۲۰۲)
اور دوسری روایت میں ہے کہ لَاحَولَ وَلَا قُوَّۃَ اِلَّا بِاللہِ عرش کے نیچے کا ایک کلمہ اور جنت کے خزانوں میں سے ایک خزانہ ہے جب کوئی بندہ اس کو پڑھتا ہے تو اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ میرا بندہ میرا فرماں بردار ہوگیا اور اس نے اپنا سب کچھ میرے سپرد کردیا۔(3)(مشکوٰۃ،ج۱،ص۲۰۲)
حدیث:۱۴
حضرت اَنس رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے مروی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہ وسلم ایک سوکھے پتے والے درخت کے پاس گزرے اور اپنے عصاسے اس درخت کوماردیا تواس کے پتے جھڑ گئے پھر آپ نے فرمایا کہ جو اِن کلمات کو پڑھ لے اس کے تمام گناہ اسی طرح جھڑ جائیں گے وہ کلمات یہ ہیں: ''اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ وَسُبْحَانَ اللہِ وَلَا اِلٰہَ اِلَّا اللہُ وَاللہُ اَکْبَرُ ''(1) (مشکوٰۃ،ج۱،ص۳۰۲)
حدیث:۱۵
حضرت جابر رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے مروی ہے، انہوں نے کہا کہ رسول اللہ صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہ وسلم نے فرمایا ہے کہ افضل ذکر لَا اِلٰہَ اِلَّا اللہُ ہے اور افضل دعا اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ ہے۔(2)
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
1۔۔۔۔۔۔مشکاۃالمصابیح،کتاب الدعوات،باب ثواب التسبیح...الخ،الحدیث۲۳۱۸،ج۱، ص۴۳۳
2۔۔۔۔۔۔مشکاۃالمصابیح،کتاب الدعوات،باب ثواب التسبیح...الخ،الحدیث۲۳۰۶،ج۱، ص۴۳۱
0 Comments: