مختلف اعتبار سےفعل کی مختلف اقسام ہیں۔چنانچہ:
٭ (۱)حروفِ اصلیہ کی تعداد کے اعتبار سے فعل کی دو اقسام ہیں:
(۱)۔۔۔۔۔۔فعل ثلاثی۔ جیسے:نَصَرَ (۲)۔۔۔۔۔۔فعل رباعی ۔جیسے:زَلْزَلَ۔
٭ (۲)حروف علت کے اعتبار سے فعل کی چار اقسام ہیں:
(۱)۔۔۔۔۔۔ فعل صحیح ۔جیسے:نَصَرَ (۲)۔۔۔۔۔۔فعل مہموز ۔جیسے:اَکَلَ (۳)۔۔۔۔۔۔فعل مضاعف۔ جیسے :فَرَّ (۴)۔۔۔۔۔۔ فعل معتل ۔جیسے :قَالَ۔
٭(۳) زمانہ کے اعتبار سے فعل کی تین قسمیں ہیں :
(۱)فعل ماضی (۲)فعل مضارع (۳)فعل امر
(۱)۔۔۔۔۔۔فعل ماضی:
وہ فعل جوگزشتہ زمانہ میں کسی کام کے ہونے پر دلالت کرے ۔ جیسے نَصَرَ (مدد کی اس ایک مرد نے )۔
(۲)۔۔۔۔۔۔فعل مضارع:
وہ فعل جو زمانہ حال یااستقبال میں کسی کام کے ہونے پر دلالت کرے ۔ جیسےیَنْصُرُ(مدد کرتا ہے یا کریگا وہ ایک مرد )۔
(۳)۔۔۔۔۔۔فعل امر:
وہ فعل جس کے ذریعہ مخاطَب سے کوئی کام طلب کیا جائے۔ جیسے أُنْصُرْ(مد د کر تو ایک مرد)۔
٭(۴)۔۔۔۔۔۔فاعل کی طرف نسبت کے اعتبار سے فعل کی دو قسمیں ہیں:
(۱) فعل معروف (۲) فعل مجہول
(۱)۔۔۔۔۔۔فعل معروف:
وہ فعل جس کی نسبت فاعل کی طرف کی گئی ہو۔ جیسےنَصَرَ زَیْدٌ(زید نے مدد کی )
(۲)۔۔۔۔۔۔فعل مجہول:
وہ فعل جس کی نسبت مفعول بہ کی طرف کی گئی ہو ۔جیسےنُصِرَ زَیْدٌ (زیدکی مددکی گئی )
٭ (۵)مفعو ل بہ کی ضرورت کے اعتبار سے فعل کی دو قسمیں ہیں:
(۱) فعل لاز م (۲)فعل متعدی
(۱)۔۔۔۔۔۔فعل لازم:
وہ فعل جسے سمجھنے کے لیے فاعل کے علاوہ مفعو ل بہ کی ضرورت نہ ہو ۔ جیسے جَاءَ زَیْدٌ (زید آیا )۔
(۲)۔۔۔۔۔۔فعل متعدی:
وہ فعل جس کا سمجھنا مفعول بہ پر موقوف ہو ۔ جیسے نَصَرَ زَیْدٌ خَالِداً(زید نے خالد کی مدد کی )
٭(۶)نفی واثبات کے اعتبار سے بھی فعل کی دو قسمیں ہیں:
(۱) فعل مُثبت (۲) فعل منفی
(۱)۔۔۔۔۔۔فعل مُثبَت:
وہ فعل جس میں کسی کام کا ہونا یاکرنا پایا جائے ۔ جیسے نَصَرَ زَیْدٌ (زید نے مدد کی)
(۲)۔۔۔۔۔۔فعل منفی:
وہ فعل جس میں کسی کام کا نہ ہو نا یا نہ کرنا پایا جائے ۔جیسے : مَانَصَرَ زَیْدٌ (زید نے مدد نہیں کی)
سوالات
سوال نمبر۱:۔حروف اصلیہ کی تعداد کے اعتبار سے فعل کی کتنی اور کون کونسی اقسام ہیں؟ مع تعریفات وامثلہ بیان فرمائیں۔
سوال نمبر۲:۔حروف علت کے اعتبار سے فعل کی کتنی اور کون کونسی اقسام ہیں؟ مع تعریفات وامثلہ بیان کیجئے۔
سوال نمبر۳:۔مع تعریفات وامثلہ بتائیں کہ زمانے کے اعتبار سے فعل کی کتنی اور کون کونسی اقسام ہیں؟ ۔
سوال نمبر۴:۔فاعل کی طرف نسبت کے اعتبار سے فعل کی کتنی اور کون کونسی اقسام ہیں؟ مع تعریفات وامثلہ احاطۀ بیان میں لائیں۔
سوال نمبر۵:۔مفعول بہ کی ضرورت کے اعتبار سے فعل کی اقسام کومع تعریفات وامثلہ رنگ بیان سے مزین فرمائیں۔
سوال نمبر۶:۔نفی واثبات کے اعتبار سے فعل کی کتنی اور کون کونسی اقسام ہیں؟ مع تعریفات وامثلہ سپرد نوک زبان کیجئے۔
0 Comments: