کلی کی دوطرح سے تقسیم کی جاتی ہے۔
(1)۔۔۔۔۔۔ کلی کے افراد کے خارج میں پائے جانے یا نہ پائے جانے کے اعتبار سے۔
(2)۔۔۔۔۔۔ کلی کے اپنے افراد کی حقیقت سے خارج ہونے یا نہ ہونے کے اعتبار سے۔
1 ۔کلی کے افراد کے خارج میں پائے جانے یا نہ پائے جانے کے اعتبار سے تقسیم
اس اعتبار سے کلی کی چھ قسمیں ہیں:
۱۔ یا تو ایسی کلی ہوگی جس کے افراد کا خارج میں پایا جانا ممتنع ہوگاجیسے: لاشی،لاممکن، شریک باری تعالی ۔
۲۔ یا ایسی کلی ہوگی جس کے افراد کا خارج میں پایا جانا ممکن توہے لیکن کوئی فرد پایا نہ جائے جیسے: عَنْقَاء،ڈائنا سور وغیرہ۔
نوٹ:
عنقاء کے متعلق مختلف اقوال ہیں لیکن فلا سفہ کا قول یہ ہے کہ یہ وہ پرندہ ہے جس کے دو بازو اور چار پاؤں ہیں اور اس کے بازو مشرق ومغرب تک پھیلے ہوئے ہیں خارج میں ایسے پرندے کا پایا جانا ممکن تو ہے لیکن ایک فرد بھی نہیں پایا جاتا ۔
۳ ۔ یاایسی کلی ہوگی جس کا صرف ایک ہی فر د(ضروری طورپر)پایا جائے
اوردوسرے افراد کا پایاجانا محال (ناممکن)ہو۔جیسے: واجب الوجود ۔
۴ ۔ یا ایسی کلی ہوگی جس کا صرف ایک ہی فرد پایا جائے اور دوسرے افراد کا پایا جانا ممکن ہو ۔جیسے: سورج ،چاندوغیرہ۔
۵ ۔ یاایسی کلی ہو گی جس کے بہت سارے افراد خارج میں پائے جاتے ہوں اوروہ افراد متناہی(یعنی محدود)ہوں جیسے: کواکب سیارہ یعنی شمس ،قمر، مریخ،زحل، مشتری، عطارد،زہرہ وغیرہ۔
۶۔ یا پھر ایسی کلی ہوگی جس کے بہت سارے افراد خارج میں پائے جاتے ہوں اور وہ غیر متناہی(یعنی لامحدود) ہوں۔جیسے: معلوماتِ باری تعالی۔
نوٹ: علمِ مصطفے صلی اللہ تعالی علیہ والہ وسلم کلی متناہی ہے ،اور علمِ خدا عزوجل کلی غیر متناہی ہے۔
الحاصل:
کلی کے خارج میں پائے جانے یا نہ پائے جانے کے اعتبار سے کل تین قسمیں بنتی ہیں ۔
۱۔ واجب الوجود ۲۔ ممتنع الوجود ۳۔ ممکن الوجود
۱۔واجب الوجود:
جس کا عدم( نہ ہونا) محال ہو اور وجود(ہونا) ضروری ہو اس کلی کاایک ہی فرد پایا جاتا ہے یعنی ذات باری تعالی عزوجل۔
۲۔ ممتنع الوجود:
جس کا وجود محال ہو اورعدم ضروری ہو۔جیسے: شریکِ باری تعالی۔
۳۔ ممکن الوجود:
جس کا وجود اورعدم دونوں محال نہیں یعنی جس کا وجود وعدم دونوں ممکن ہوں۔جیسے: عنقاء، یاقوت کا پہاڑ وغیرہ۔
٭٭٭٭٭
مشق
سوال نمبر1:۔جزئی حقیقی اور جزئی اضافی کی تعریفات مع امثلہ لکھیں۔
سوال نمبر2:۔ کلی کے خارج میں پائے جانے کے اعتبار سے اس کی کتنی اور کون کون سی قسمیں ہیں؟
سوال نمبر3:۔واجب الوجود،ممتنع الوجوداورممکن الوجود سے کیا مراد ہے؟
*....*....*....*
0 Comments: