نعمتیں بانٹتا جِس سَمْت وہ ذِیشان گیا
ساتھ ہی مُنشِیِ رحمت کا قلم دَان گیا
لے خبر جلد کہ غیروں کی طرف دِھیان گیا
میرے مولیٰ مِرے آقا تِرے قربان گیا
آہ وہ آنکھ کہ ناکامِ تَمنّا ہی رہی
ہائے وہ دِل جو ترے دَر سے پُر اَرمان گیا
دِل ہے وہ دِل جو تری یاد سے مَعمور رہا
سر ہے وہ سر جو ترے قدموں پہ قربان گیا
انھیں جانا انھیں مانا نہ رکھا غیر سے کام
لِلّٰہِ الْحَمْد میں دُنیا سے مسلمان گیا
اَور تم پر مِرے آقا کی عنایت نہ سہی
نَجدیو! کلمہ پڑھانے کا بھی اِحسان گیا
آج لے اُن کی پناہ آج مدد مانگ اُن سے
پِھر نہ مانیں گے قِیامت میں اگر مان گیا
اُف رے مُنکِر یہ بڑھا جوشِ تَعَصُّب آخر
بِھیڑ میں ہاتھ سے کمبخت کے اِیمان گیا
جان و دل ہوش و خِرَد سب تو مَدینے پہنچے
تم نہیں چلتے رضاؔ سارا تو سامان گیا
٭…٭…٭…٭…٭…٭
اَشک جاری ہوجاتے
ذِکْر ِرسول کے وقْت صحابہ کرام رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُم پر رِقَّت طاری ہو جاتی اور اَشک جاری ہو جاتے چنانچہ حضرت سیدنا عبد اللّٰہ ابن عمر رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُمَا جب رسول اللّٰہ صلَّی اللّٰہ تَعَالٰی عَلَــیْہِ وَسَلَّم کا تذکرہ فرماتے تھے تو آنکھوں سے آنسو رَواں ہو جاتے تھے۔ (الطبقات الکبری لابن سعد،تذکرۃ عبد اللّٰہ بن عمر بن خطاب،ج۴،ص۱۲۷، دار الکتب العلمیۃ بیروت) کاش!ہمیں بھی یہ سعادت نصیب ہوجاتی!
رونے والی آنکھیں مانگو، رونا سب کا کام نہیں
ذکر محبت عام ہے لیکن سوزِ محبت عام نہیں
0 Comments: