خدا کی ہر مخلوق' انسان ہو یا جانور اگر وہ رحم کے قابل ہوں تو ان پر رحم کرنا' اور ان کے ساتھ مہربانی و شفقت کا سلوک اور برتاؤ کرنا یہ انسان کی بہترین خصلت' اور اعلیٰ درجے کی قابل تعریف عادت ہے اور دنیا و آخرت میں اس پر بے حد ثواب ملتا ہے۔ حدیث شریف میں رسول اﷲ صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے فرمایا ہے کہ۔
رحم کرنے والوں پر رحمٰن رحم فرماتا ہے اے لوگو! تم زمین والوں پر رحم کرو تو آسمان والا تم پر رحم فرمائے گا۔
(جامع الترمذی ، کتاب البر والصلۃ ، باب ماجاء فی رحمۃ المسلمین ، رقم ۱۹۳۱، ج۳، ص۳۷۱)
؎ کرو مہربانی تم اہل زمیں پر
خدا مہرباں ہو گا عرش بریں پر
نرم خوئی' مہربانی اور رحم وکرم کی عادت خداوند کریم کی بہت ہی بڑی نعمت ہے۔ حدیث شریف میں ہے کہ جس کو رفق اور نرم دلی کی عادت خداوند کریم کی طرف سے عطا کر دی گئی اس کو دنیا و آخرت کی بھلائیوں کا بہت بڑا حصہ مل گیا۔ اور جو نرم دلی اور رحم و مہربانی کی خصلت سے محروم کردیا گیا۔ وہ دنیا و آخرت کی بھلائیوں سے محروم ہو گیا۔
(شرح السنۃ ، کتاب البر والصلۃ ، باب الرفق ، رقم ۳۳۸۵،ج۶،ص۴۷۲)
0 Comments: