منطق کا موضوع ''معلومات تصوریہ'' اور'' معلو مات تصدیقیہ'' ہیں معلومات تصدیقیہ کو حجت کہتے ہیں جس کا بیان آگے آئے گا یہاں پر معلومات تصوریہ کا بیان کیا جاتاہے ۔معلومات تصوریہ کو قولِ شارح اور معرِّف بھی کہتے ہیں ۔ان معلومات تصوریہ سے جو مجہولِ تصوری حاصل ہو اسے معرَّف کہتے ہیں جیسے حیوانِ ناطق سے انسان کا علم حاصل ہوتاہے۔ لہذاحیوانِ ناطق معرِّف اور انسان معرَّف ہے ۔
معرِف کی تعریف:
''مُعَرِّفُ الشَّیْ ءِ مَایُحْمَلُ عَلَیْہِ لِاِفَادَۃِ تَصَوُّرِہٖ'' یعنی کسی شئے کا معرف وہ مفہوم ہوتا ہے جو اس شے پر محمول ہو،تاکہ اس شئے کے تصور کا فائدہ دے۔مثلا حیوانِ ناطق ،انسان کے لئے۔
وضاحت:
اس مثال میں انسان ''معرَف یاشے '' اور حیوانِ ناطق ''معرِف''ہے۔اس معرِف یعنی حیوان ناطق کو انسان پر اس لئے محمول کیا گیا تاکہ انسان کی حقیقت معلوم ہوجائے ۔
معرِف کی شرائط :
معرِف کے صحیح ہونے کیلئے دوشرائط ہیں :
۱۔ معرِف اور معرَف میں تساوی کی نسبت ہو۔
۲۔ معرِف بنسبت معرَف کے زیادہ ظاہر ہو ورنہ تعریف کا مقصد حاصل نہ ہوگا۔
معرِف کی اقسام:
معرف کی چار اقسام ہیں۔
۱۔ حدِّتام ۲۔ حد ناقص ۳۔ رسمِ تام ۴۔ رسم ناقص
۱۔ حدتام:
''فَالتَّعْرِیْفُ اِنْ کَانَ بِالْجِنْسِ الْقَرِیْبِ وَالْفَصْلِ الْقَرِیْبِ یُسَمّٰی حَدًّا تَامًّا'' اگر تعریف جنسِ قریب اورفصلِ قریب سے ہو تواسے حدتام کہتے ہیں ۔جیسے حیوانِ ناطق ،انسان کیلئے حدتام ہے کیونکہ حیوان انسان کیلئے جنس قریب اور ناطق انسان کیلئے فصل قریب ہے۔
۲۔ حد ناقص:
''اِنْ کَانَ بِالْجِنْسِ الْبَعِیْدِ وَالْفَصْلِ الْقَرِیْبِ أَوْبِہٖ وَحْدَہٗ یُسَمّٰی حَدًّا نَاقِصًا'' اگر تعریف جنسِ بعید اور فصلِ قریب سے ہو یا صرف فصلِ قریب سے ہوتو اسے حدِّ ناقص کہتے ہیں۔ جیسے: جسمِ ناطق یا صرف ناطق کے ذریعے انسا ن کی تعریف کرناحدِّ ناقص ہے کیونکہ جسم انسان کیلئے جنسِ بعید اور ناطق انسان کیلئے فصلِ قریب ہے۔
۳۔ رسم تام:
''اِنْ کَانَ بِالْجِنْسِ الْقَرِیْبِ وَالْخَاصَّۃِ یُسَمّٰی رَسْمًا تَامًّا'' اگر تعریف جنسِ قریب اورخاصہ سے ہو تو اسے رسمِ تام کہتے ہیں ۔ جیسے حیوانِ ضاحک کے ذریعے انسان کی تعریف کرنا انسان کیلئے رسمِ تام ہے کیونکہ حیوان انسان کیلئے جنسِ قریب اور ضاحک انسان کاخاصہ ہے۔
۴۔ رسم ناقص:
اِنْ کَانَ بِالْجِنْسِ الْبَعِیْدِ وَالْخَاصَّۃِ أَوْبِالْخَاصَّۃِ وَحْدَھَا یُسَمّٰی رَسْمًا نَاقِصًا۔ اگر تعریف جنسِ بعید اورخاصہ سے ہو یا صرف خاصہ سے ہوتو اسے رسمِ ناقص کہتے ہیں جیسے: جسمِ ضاحک یا صرف ضاحک کے ذریعے انسان کی تعریف کرنا رسمِ ناقص ہے کیونکہ جسم انسان کیلئے جنسِ بعید اورضاحک انسان کا خاصہ ہے۔
فائدہ:
تعریف کی دو قسمیں ہیں تعریفِ حقیقی اورتعریفِ لفظی، جس تعریف کا بیان ہوا وہ حقیقی ہے اور غیر مشہور لفظ کی مشہور لفظ سے تعریف کرنے کو تعریف ِلفظی کہتے ہیں جیسے غضنفر کی تعریف اسد سے کرنا۔
*****
0 Comments: