مرکب کی دو قسمیں ہیں: ۱۔مرکب مفید ۲۔ مرکب غیر مفید
۱۔مرکب مفید کی تعریف:
وہ مرکب جس کے سننے سے کوئی خبر یاطلب معلوم ہو۔جیسے :زَیْدٌ وَلَدٌ نَجِیْبٌ (زید ایک شریف لڑکا ہے) اَقِیْمُوا الصَّلٰوۃَ (نماز قائم کرو )۔اسے ''جملہ''، ''کلام''، ''مرکب تام'' اور'' مرکب اسنادی ''بھی کہتے ہیں۔
۲۔مرکب غیر مفید کی تعریف:
وہ مرکب جس کے سننے سے کوئی خبر یا طلب معلوم نہ ہو۔جیسے:سَائِقُ السَّیَّارَۃِ(گاڑی کا ڈرائیور)رَجُلٌ صَالِحٌ (نیک مرد)اسے ''مرکب ناقص ''اور ''مرکب غیراسنادی ''بھی کہتے ہیں۔
فائدہ:
ایک کلمے کی دوسرے کلمے کی طرف اس طرح نسبت کرنا کہ سننے والے کو پورا فائدہ حاصل ہو''اسناد ''کہلاتا ہے۔ جس کی طرف نسبت کی جائے اسے ''مسند الیہ''اور جس کی نسبت کی جائے ''اسے مسند ''کہتے ہیں ۔ جیسے: زَیْدٌ کَاتِبٌ میں کاتب کی جو نسبت زید کی طرف ہے اسے اسناد اور کاتب کو مسند اور زید کو مسند الیہ کہیں گے ۔
مرکب مفید کی اقسام
مرکب مفید کی تقسیم دو اعتبار سے ہے:
(۱)۔۔۔۔۔۔ صدق و کذب کا احتمال ہونے یا نہ ہونے کے اعتبارسے ۔اس اعتبارسے مرکب مفید کی دو قسمیں ہیں: ۱۔ جملہ خبریہ ۲۔جملہ انشائیہ.
۱۔جملہ خبریہ کی تعریف:
وہ مرکب تام جس کے کہنے والے کو سچا یا جھوٹا کہا جاسکے۔جیسے:زَیْدٌ ذَکِیٌّ (زیدذہین ہے)۔اسے ''خبر'' بھی کہتے ہیں۔
توضیح:
اگر واقعی زیدذہین ہوتو اس کے کہنے والے کو سچا کہیں گے ورنہ اسے جھوٹاکہاجائے گا۔
۲۔جملہ انشائیہ کی تعریف:
وہ مرکب تام جس کے کہنے والے کو سچایا جھوٹانہ کہا جاسکے۔جیسے:اِضْرِبْ(تو مار)۔ اسے ''انشاء''بھی کہتے ہیں۔
توضیح:
اگرکسی نے کہا''تومار''تواس کہنے والے کو یہ بھی نہیں کہہ سکتے کہ تونے سچ کہااور نہ یہ کہہ سکتے ہیں کہ تونے جھوٹ بولا۔
جملہ انشائیہ کی اقسام
جملہ انشائیہ کی مشہو ربارہ اقسام ہیں۔
(۱)۔۔۔۔۔۔امر(۲)۔۔۔۔۔۔نہی(۳)۔۔۔۔۔۔استفہام(۴)۔۔۔۔۔۔تمنی(۵)۔۔۔۔۔۔ترجی
(۶)۔۔۔۔۔۔عقود(۷)۔۔۔۔۔۔قسم(۸)۔۔۔۔۔۔دعا(۹)۔۔۔۔۔۔نداء(۱۰)۔۔۔۔۔۔عرض
(۱۱)۔۔۔۔۔۔تعجب (۱۲)۔۔۔۔۔۔ مدح وذم.
(۲)۔۔۔۔۔۔فعل اور فاعل یامبتداء وخبر سے مرکب ہونے کے اعتبارسے بھی مرکب مفید کی دو قسمیں ہیں: ۱۔جملہ فعلیہ ۲۔جملہ اسمیہ.
مرکب غیر مفید کی اقسام
مرکب غیر مفید کی پانچ اقسام ہیں: ۱۔ مرکب اضافی ۲۔ مرکب توصیفی ۳۔ مرکب تعدادی ۴۔مرکب مزجی ۵۔مرکب صوتی.
0 Comments: